وزیر داخلہ کی ایف آئی اے کے کرپٹ افسروں کو فارغ کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (ثناء نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ڈی جی ایف آئی کو ایف آئی اے کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کیلئے ایک ہفتے میں پالیسی مرتب کرنے کا ٹاسک دے دیاہے ہفتہ کو وزیر داخلہ کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس وزارت داخلہ اسلام آباد میں ہوا جس میں اسلام آباد پولیس، ایف آئی اے اورانسداد دہشت گردی اتھارٹی کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ تینوں اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق پالیسی گائیڈ لائن اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے میں زیر التوا کرپشن کے بڑے مقدمات کی تفتیش میں بہتری لانے اور تحقیقات تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ایف آئی اے کو کرپشن کے خلاف جنگ کرنا ہو گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملکی ساکھ خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایف آئی اے کے کرپٹ افسران کی فہرست بنا کر انہیں فارغ کیا جائے۔ انہوں نے ایئرپورٹس پر امیگریشن کائونٹرز کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور مسافروں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد پولیس سکندر حیات کو وفاقی دارالحکومت کی سیکورٹی کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت اور کہا کہ ناکوں پر تعینات اہلکار آٹھ گھنٹے ڈیوٹی پوری کریں۔