اخوان المسلمون سے روابط پر مصر میں بوسنیا کے سفیر کی دفتر خارجہ طلبی
قاہرہ (این این آئی) مصری نگران حکومت نے اخوان المسلمون سے روابط رکھنے پر بوسنیا کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا اور ایک یادداشت ان کے حوالے کی، عرب ٹی وی کے مطابق گذشتہ روز مصر کی وزارت خارجہ نے بوسنیا کے سفارتخانے کے ناظم الامور کو طلب کیا اور ان سے اخوان کے اہم رہنمائوں سے روابط رکھنے پر سخت احتجاج ریکارڈکرایا، بعدازاں وزارت خارجہ کے ترجمان بدر عبدالعاطی نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ اعتراض پر مبنی ایک یادداشت بوسنیائی سفیر کے حوالے کی گئی ہے اور وضاحت یہ یادداشت بوسنیائی سیاستدان باقر عزت بیگووچ کی ایک تصویر کے بعد دی گئی ہے۔ اس میں وہ سرائیوو میں اپنے دفتر میں اخوان المسلمون کے ایک وفد کا استقبال کر رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے رابعہ کا نشان بنایا ہوا ہے۔ عربی میں رابعہ کا مطلب چار ہے۔ قاہرہ کے رابعہ العدویہ چوک میں مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد اخوان المسلمون کے حامیوں نے دو ماہ تک دھرنا دیئے رکھا تھا اور مصری سکیورٹی فورسز نے اس دھرنے کو ختم کرانے کے لئے اگست 2013ء میں خونیں کریک ڈائون کیا تھا جس کے بعد ہاتھ کی انگلیوں سے رابعہ کا نشان مصر کی مسلح افواج کے خلاف اخوان کی مزاحمتی تحریک کی علامت بن گیا تھا۔ اس کے بعد سے پیلے رنگ کے پس منظرمیں سیاہ رنگ کے ہاتھ والے پرچم اب احتجاجی ریلیوں میں لہراتے نظر آتے ہیں۔