امریکہ خفیہ پیغامات نشر ہونے کے بعد ازخود تباہ ہونے کی ٹیکنالوجی حاصل کریگا آئی بی ایم کو 35 لاکھ ڈالر کا ٹھیکہ دیدیا
واشنگٹن (این این آئی) امریکی فوج نے کہا ہے کہ وہ ایسی ٹیکنالوجی تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس سے خفیہ پیغامات نشر ہونے کے بعد خود ہی تباہ ہوجائیں گے اور اس سلسلے میں کمپیوٹر بنانے والی کمپنی آئی بی ایم کو اپنے وینشنگ پروگرامیبل ریسورسز نامی پروجیکٹ کے سلسلے میں35لاکھ ڈالر کا ٹھیکہ دیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کا مقصد سنسر کا ایسا نیٹ ورک تیار کیا جانا ہے جو محدود وقت کیلئے معلومات منتقل کرسکے۔ یہ ٹیکنالوجی میدانِ جنگ میں بھی استعمال کی جا سکے گی۔ آئی بی ایم نے ابھی جو تجویز پیش کی ہے اس میں برقی آلات میں موجود سیلیکون چپس کے گرد ایک شیشے کی تہہ لگائی جائے جسے بعد میں ریڈیو فریکوئینسی کی مدد سے تباہ کیا جا سکے گا اور آلہ ریت بن جائیگا۔ امریکی حکومت کے بیان میں کہا گیا کہ اس کام کو کرنے کیلئے کسی فیوز یا کیمیائی طور پر حساس دھات کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔