بھارت غلطی تسلیم نہیں کرتا‘ میڈیا پاکستان کیخلاف بات کرتا ہے: راج موہن
کراچی (این این آئی) گاندھی کے پوتے اور مورخ ڈاکٹر راج موہن گاندھی نے کہا ہے کہ بھارت آسانی سے اپنی غلطی تسلیم نہیں کرتا‘ ایک دوسرے کی بات سن کر دکھ درد کا حال بتانا چاہئے۔ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے ملنا چاہتے ہیں اس کے لئے دونوں حکومتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ وہ انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئر پاکستان میں اپنے اعزاز میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر راج موہن گاندھی نے کہا کہ اگر ہمیں دنیا کو بدلنا ہے تو پہلے اپنے آپ کو بدلنا ہو گا۔ اگر ہمیں واقعی کچھ کرنا ہے تو ہمیں ایک دوسرے کی بات سننی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر میں پاکستان اور بھارت کو مقابلہ نہیں کرنا چاہئے۔ عوام امن چاہتے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے ملنا چاہتے ہیں اس کے لئے دونوں ممالک کی حکومتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ دونوں ممالک میں کشیدگی اور تنائو کی وجہ عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ اگر ویزہ پالیسی آسان کی جائے گی تو عوام کو ایک دوسرے سے ملنے کا موقع ملے گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ نفرتیں ختم ہوں اور محبتیں بٹیں۔ ماضی تکلیف دہ ہے اس کی غلطیوں کو بھلانا ہو گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پانی کا مسئلہ پیچیدہ ہے اس کے لئے دونوں ممالک کو بات کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں جب بھی انتخابات ہوتے ہیں تو اس کے عوام، ملٹری، عدلیہ اور سب نتائج کو تسلیم کرتے ہیں۔ بھارت میں صحت اور تعلیم کی سرکاری سہولیات بہتر نہیں۔ انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے حیران کن نتائج دیئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے حوالے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف بات کرتا ہے لیکن بھارت میں میڈیا کی آزادی کے مثبت پہلو بھی ہیں۔ پولیس والے پہلے پیسے لیتے تھے لیکن اب چالان کاٹتے ہیں یہ مثبت پہلو ہے ہم اس کو بھی دیکھتے ہیں۔ دونوں ممالک میں کشیدگی ختم کرنے کے لئے دونوں حکومتوں کو ہی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔