• news

کشیدگی میں اضافہ‘ کنٹرول لائن پر تجارتی سرگرمیاں بدستور معطل ‘ بھارتی وزیر تجارت کا دورہ پاکستان منسوخ

نئی دہلی (اے این این) کنٹرول لائن پر تجارتی ٹرک سے منشیات برآمدگی کے تنازعہ کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی تعلقات تعطل کا شکار، بھارتی وزیر تجارت آنند شرما کا رواں ہفتے پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا گیا جس کے باعث لاہور میں پاکستان، بھارت مجوزہ تجارتی فورم بھی ملتوی ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ کنٹرول لائن پر ٹرک سے مبینہ طور براؤن شوگر برآمد ہونے کے بعد پاکستان، بھارت  تعلقات میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیاہے اور یہ تناؤ اب اعلیٰ سطح تک پہنچ گیا ہے۔ اسی وجہ سے بھارتی وزیر صنعت و تجارت آنند شرما کا دورہ پاکستان منسوخ کر دیا گیا ہے،جنھوں نے رواں ہفتے اسلام آباد پہنچنا تھا اور لاہور میں مجوزہ پاکستان،  بھارت تجارتی فورم میں شرکت کرنا تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کے حوالے سے ماحول متاثر ہو گیاہے۔ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے نتیجے میں مذاکرات کا سلسلہ تعطل کا شکار ہے حالانکہ پاکستان پڑوسی ملک کے ساتھ بہتر تعلقات کا متمنی ہے۔ دفتر خارجہ کیمطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان  مختلف سطحوں پر جو مذاکرات کا سلسلہ چل رہا تھا وہ رک گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن