• news

مذاکرات کی کامیابی کیلئے تمام مسلمان اور مدارس ختم قرآن و بخاری شریف کرائیں: سمیع الحق

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر و طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن مولانا سمیع الحق نے پوری قوم سے حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کیلئے ختم قرآن اور بخاری شریف کا اہتمام کرنے کی اپیل کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا تمام مسلمان اور دینی مدارس حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کیلئے پُرامید ہیں۔ تمام مسلمان اور دینی مدارس ختم قرآن شریف اور بخاری شریف کا اہتمام کریں۔ جامعہ حقانیہ میں مذاکرات کی کامیابی کیلئے ختم قرآن اور بخاری شریف شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کسی سیاست بازی یا پوائنٹ سکورنگ اور نئے نئے سوالات و خدشات اٹھا اٹھا کر بحث و مباحثوں میں الجھنے کا نہیں۔ ہر پاکستانی اس نارنمرود کو بجھانے کیلئے حصہ ڈالے اور استعماری قوتوں اور غیرملکی طاقتوں کی لگائی آگ کو مزید پھونکیں مار کر بھڑکانے سے گریز کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ پوری قوم اور ملک کے انسانی جانوں کے تحفظ کا ہے۔ ہمیں ہر سیاسی‘ مسلکی اور گروی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر مزید طاقت آزمائی اور آپریشن سے ملک کو بچانا ہے۔ استعماری قوتوں اور غیرمسلم طاقتوں کی لگائی اس آگ کو بجھانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔ پھونکیں مار کر اس آگ کو مزید نہ بھڑکائیں۔ مذاکرات کی کامیابی کیلئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں سربسجود ہوکر دعا مانگیں کہ وہ اس ملک کو مزید خون خرابے سے بچا کر امن و سلامتی اور عافیت سے نوازے۔ شمالی وزیرستان میں مذاکرات کے آغاز کے ساتھ ہی دارالعلوم حقانیہ کے ہزاروں طلباء ختم بخاری شریف اور قرآن کریم کی تلاوت میں مصروف ہیں۔ یہی عمل ملک کے تمام مدارس اور مساجد میں جاری رہنا چاہئے۔ ہم پُرامید ہیں اور اللہ تعالیٰ کے کرم سے مایوس نہیں۔ ہمیں پوری قوم سے تعاون اور دعائوں کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن