جعفر آباد: گھر پر دھاوا‘ حکومت کا حامی رہنما خاندان کے 7 افراد سمیت جاں بحق ‘ جوابی کارروائی میں6 حملہ آور بھی مارے گئے
کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) جعفر آباد کے علاقے مسوانی گوٹھ میں کالعدم تنظیم کے کارکنوں نے حکومت کے حمایت یافتہ قبائلی رہنما غازی خان بگٹی کے گھر پر دھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے غازی خان، اسکی بیوی، بھائی، بیٹے، 3 پوتے اور ساس سمیت 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بعدازاں اطلاع پر ایف سی کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیر لیا جبکہ جوابی فائرنگ میں 6 حملہ آور مارے گئے جبکہ ایک امن لشکر کا اہلکار بھی دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی علی الصبح ایک بجکر 30 منٹ پرکالعدم تنظیم بی آر اے کے کارکنوں کی جانب سے پٹ فیڈرکینال کے جنوب میں مقامی وڈیرہ اور کے حمایت یافتہ غازی خان بگٹی کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں گھر کے سربراہ سمیت 8 افراد دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے افراد پر بی آر اے کی طرف سے الزام تراشی کی گئی تھی کہ وہ سکیورٹی فورسزکے ساتھ تعاون کرتے تھے۔ علاقہ مکینوں کی اطلاع پر ایف سی کے سپیشل دستے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ایف سی کے گھیرا ڈالتے ہی بی آر اے کے افراد نے ایف سی کے جوانوں پر فائر کھول دیا۔ شدید فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے جاری رہنے کے بعد ایف سی کی جوابی کارروائی کے نتیجہ میں 6 افراد مارے گئے جبکہ ان کے قبضہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ ثناء نیوز کے مطابق علاقہ میں کئی ہفتے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ دونوں اطراف سے راکٹوں کا استعمال کیا گیا پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا بی آر اے جو براہمداغ بگٹی کی کالعدم تنظیم ہے کے شدت پسندوں نے ایک گھر پر حملہ کیا اور اس میں تین خواتین دو بچوں اور دو مردوں کو بیدردی سے قتل کر دیا۔ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے ان علاقوں میں اپنی رٹ قائم کر رکھی ہے اور وہ بدقسمتی سے ایسے حملے کرتے رہتے ہیں۔ این این آئی کے مطابق بی آر اے کی طرف سے الزام تراشی کی گئی تھی کہ گھر پر حملے کے دوران جاں بحق افراد سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کرتے تھے۔ علاقہ مکینوں کی اطلاع پر ایف سی کے سپیشل دستے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ایف سی کے گھیراڈالتے ہی بی آر اے کے شرپسندوں نے ایف سی کے جوانوں پرفائر کھول دیا۔ واضح رہے کہ علاقہ مکینوں نے چھ شرپسندوں میں سے تین شرپسندوںکی شناخت کر لی۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل اعجاز شاہد نے بے گناہ اور معصوم شہریوں کی سفاکانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقے کو شرپسندوں سے پاک کیا جائے گا۔