کراچی : آستانے پر بم حملہ‘ فائرنگ‘8 جاں بحق ‘ پیر سمیت11 زخمی‘ طالبان کا اظہار لاتعلقی
کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) بلدیہ ٹاﺅن میں آستانے پر دستی بم حملے اور فائرنگ سے کمسن بچی سمیت 8 افراد جاں بحق اور خواتین سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے جب کہ شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے دیگر واقعات میں بھی تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔ بلدیہ ٹاﺅن سیکٹر 12 میں اتوار کی شب پیر برہان شاہ عرف جلالی بابا کے آستانے پر تین موٹر سائیکلوں پر سوار 6 افراد جنہوں نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے پہلے دستی بم پھینکا اور پھر اندھا دھند گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 18 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ان میں سے 8 نے دم توڑ دیا جن میں ڈھائی سالہ بچی زینب کے علاوہ شعیب، سجاد، نذیر محمد، دلبر، عبدالرزاق اور عینی شاہد شامل ہیں جب کہ پیر بارہان شاہ ، محمد طاہر، یاسر ، محمد خان ، جواد، رمیز اور دیگر زخمی ہوئے جنہیں سول ہسپتال پہنچایا گیا 4 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ پولیس کے مطابق آستانہ ایک ریٹائرڈ ڈی ایس پی ٹکا خان مرحوم کا بیٹا برہان چلا رہا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی لیکن فرار ہونے والے حملہ آوروں کا سراغ نہیں مل سکا۔ ملزموں نے 30 بور پستول اور نائین ایم ایم پستولوں سے فائرنگ کی جن کی گولیوں کے خول جائے وقوعہ سے ملے واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی گئی اور دکانیں وغیرہ بند ہوگئیں۔ ادھر کالعدم تحریک طالبان نے اس واقعہ سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ اسکے علاوہ اتوار کی شام اورنگی ٹاﺅن کے علاقے رئیس امروہوی کالونی میں موٹرسائیکل سوار افراد نے 60 سالہ مولانا ندیم کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جبکہ اس سے قبل اورنگی ٹاﺅن کے سیکٹر 14 گلشن بہار میں سہ پہر موٹر سائیکل سوار افراد نے 75 سالہ بشارت کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ قبل ازیں اتوارکی صبح لیاری میں بزنجو چوک پر نامعلوم افراد نے23 سالہ نوجوان کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ اس کے علاوہ گلشن اقبال میں مسلح افراد کی فائرنگ سے واٹر بورڈ کے فلٹر پلانٹ کے انچارج پردیپ کمار زخمی ہو گئے۔ لانڈھی جیل میں فیوچر موڑ پر کار پر فائرنگ سے ڈیرہ فارم کا مالک چوہدری ارشاد زخمی ہوگیا۔ سائٹ کے علاقے میٹرو ول میں آغا خان فلیٹس کے نزدیک مسلح افراد نے ایک شخص 60 سالہ حسین کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا جب کہ لیاری کے علاقے اورنگی واڑہ میں فائرنگ سے ایک نوجوان 16 سالہ جنید زخمی ہو گیا۔ بلدیہ نمبر12 میں مسلح افراد کی فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔