• news

قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ: لاہور لائنز‘ فیصل آباد وولفز‘ لاڑکانہ بلز‘ ملتان ٹائیگرز‘ سیالکوٹ سٹالینز کامیاب

راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام فیصل بینک ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے روز لاہور لائنز فیصل آباد ولفرز، لاڑکانہ بلز، ملتان ٹائیگرز اور سیالکوٹ سٹالینز کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز میں کامیابی حاصل کرلی۔ لاہور لائنز نے ڈیرہ مراد جمالی کو 82 رنز سے ہرایا۔ فیصل آباد وولفرز نے اسلام آباد لیپرڈز کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ لاڑکانہ بلز نے کراچی ڈولفنز کو زیر کرلیا۔ ملتان ٹائیگرز نے کراچی زیبراز کیخلاف کامیابی حاصل کی۔ سیالکوٹ سٹالینز نے حیدر آباد ہاکس کو شکست سے دوچار کیا۔ لاہور لائنز نے 5 وکٹوں پر 180 رنز بنائے۔ عمر اکمل نے 68 اور عمر صدیق نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم 98 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ صرف 3 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے۔ فیصل آباد وولوز نے 7 وکٹوں پر 158 رنز بنائے۔ آصف علی 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ عمر گل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اسلام آباد لیپرڈ کی ٹیم 8 وکٹوں پر 153 رنز بنا سکی۔ محمد طلحہ اور احسان عادل نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ کراچی ڈولفنز کی ٹیم 94 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ خرم منظور 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔ 9 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ امتیاز علی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ لاڑکانہ بلز نے ہدف  13.1 اووز میں ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔ احسن نے 54 رنز بنائے۔ ملتان ٹائیگرز نے 7 وکٹوں پر 140 رنز بنائے۔ ذیشان اشرف نے 40 رنز بنائے۔ کراچی زیبراز کی ٹیم 91 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ذوالفقار بابر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ سیالکوٹ سٹالینز نے 5 وکٹوں پر 191 رنز بنائے۔ عمران نذیر نے 8 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 93 رنز بنائے۔ کپتان شعیب ملک نے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔ حیدر آباد ہاکس کی ٹیم 4 وکٹوں پر 152 رنز بناسکی۔ عمران نذیر بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ای پیپر-دی نیشن