کشمیری حریت پسند پاکستان کی سلامتی کی جنگ لڑ رہے ہیں: سید صلاح الدین
صفدر آباد (نامہ نگار) متحدہ جہاد کونسل پاکستان کے صدر سید صلاح الدین نے کہا کہ جب ملک کی سرحدیں دشمنوں کے گھیرے میں ہوں اس وقت انکے خلاف ہتھیار اٹھانا ضروری ہے۔ ملک اس وقت اندرونی و بیرونی خطرات سے دوچار ہے۔ جموں کشمیر کے حریت پسند اپنی نہیں بلکہ پاکستان کی سلامتی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ لاکھوں مسلمانوں کے قاتل بھارت کے ساتھ دوستی کی پینگیں نہ بڑھائی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صفدر آباد میں جہاد کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید صلاح الدین نے مزید کہا کہ ملک پاکستان کلمہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا مگر حیرانگی ہے کہ 65 سال گزرنے کے باوجود ملک صحیح طور پر اسلامی مملکت نہیں بن سکا۔ بلوچستان کے عوام اپنے حقوق کی بات کر رہے ہیں۔ سندھ میں سندھو دیش کی باتیں ہورہی ہیں جو کہ انتہائی خطرناک ہیں۔ امریکہ اور اس کے حواری کہہ رہے ہیں کہ پاکستان بین الاقوامی دہشت گردی کا مرکز ہے۔ دوسری جانب یکطرفہ طور پر بھارت کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھائی جا رہی ہیں۔ سید صلاح الدین نے وزیراعظم پاکستان سے گذارش کی کہ لاکھوں مسلمانوں کے قاتل بھارت کے ساتھ دوستی کی پینگیں نہ بڑھائیں۔