دہشت گردی کی جنگ ہماری نہیں، پاکستان کو اس میں گھسیٹا گیا: خواجہ آصف
سیالکوٹ (نامہ نگار+ ایجنسیاں) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی جنگ ہماری نہیں بلکہ پاکستان کو اس میں گھسیٹا گیا،حکومت اور طالبان دونوں کومذاکرات کی کامیابی کیلئے اپنے ذاتی مفادات پس پشت ڈال کر مسئلے پر قابو پانا ہوگا،فریقین خلوص نیت سے دہشت گردی کا خاتمہ کردیں تو اس اچھی بات اور کیا ہوسکتی ہے؟حکومت نے8ماہ میں لوڈشیڈنگ میں کافی حد تک کمی کردی، اس عذاب سے مکمل نجات کیلئے کوشاں ہیں۔ یہ بات انہوں نے مظفر پور یونین کونسل میں لڑکیوں کے پرائمری سکول کی نئی عمارت اور ٹیوب ویلز کے افتتاح کے بعد منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ آصف نے کہاکہ وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف نے ملک میں گیس کی کمی کے پیش نظر گیس امپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، گیس کو درآمد کرنے کے بعدآئندہ سوا سال میں ملک میں گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی ختم ہو جائے گی۔ نندی پور پاور پراجیکٹس جو پہلے تیل پر چلے گا بعد ازاں اس کو بھی گیس پر چلایا جائے گا۔ ماضی کی حکومتوںنے لوڈشیڈنگ کے نام پر قوم کے پیسوں کو خورد برد کیا لیکن ہماری حکومت نے اس مسئلہ کے حل کیلئے نہ صرف درست سمت کا تعین کیا بلکہ اس وقت محکمہ بجلی میں کسی قسم کی چوری نہ ہے۔ مسلم لیگ( ن) کی حکومت اللہ کے فضل سے ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو تا قیامت تک کیلئے ناقابل تسخیر بنا کردم لے گی۔