مذاکراتی عمل کی تائید کرتے ہیں، نیت صاف ہو تو اللہ کامیاب کریگا: پرویزخٹک
پشاور (آئی این پی + اے این این) وزیر اعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مذاکراتی عمل کی تائید کرتے ہیں نیت صاف ہو تو اللہ کامیاب کرے گا، عمران خان قومی لیڈر ہیں وہ ایسی کمیٹی میں شامل نہیں ہو سکتے جس میں کوئی لیڈر نہ ہو ملک میں امن کی ضرورت ہے، ہم نے مذاکراتی کمیٹی کو سکیورٹی فراہم کی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے انہوں نے کہا اس وقت ملک میں امن کی ضرورت ہے جسے قائم کرنے کے لئے ہم مذاکراتی عمل کی تائید کرتے ہیں۔ دریں اثناء پرویز خٹک نے لوگوں کو کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ لوگ اپنے چھوٹے بڑے کاموں کیلئے کسی بھی سرکاری افسر یا اہلکار کو رشوت دیں نہ ہی سفارش کروائیں اس طرح تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر بن جائے گا۔ اُنہوں نے کہا پی ٹی آئی کا کوئی ذاتی یا سیاسی ایجنڈا نہیں ہم صرف نظام کی تبدیلی اور غریب عوام کو اُن کا حق دلانا چاہتے ہیں اور ہر سطح پر قانون، میرٹ اور انصاف کی بالادستی قائم کرنا چاہتے ہیں۔ وہ حیات آباد پشاور میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما انور کمال مرحوم کی رہا ئش گاہ پر اہلیان لکی مروت کے ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔