محبوب اسلم پر کرپشن کے الزامات ہیں، وہ احتساب کا مطالبہ کیسے کر رہا ہے، عہدیدار پی ٹی آئی یورپ
لاہور (خبرنگار) تحریک انصاف یورپ کے نمائندوں نے پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے ٹیک فورس کے سربراہ محبوب اسلم کے پیچھے مسلم لیگ (ن) کا ہاتھ ہے اور وہ ایک سازش کے تحت تحریک انصاف کو کمزور کرنا چاہتے ہیں لیکن ایسی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائیگی۔ ہنگامی پریس کانفرنس میں ڈنمارک میں پی ٹی آئی کے نمائندہ میاں طارق جاوید، پی ٹی آئی یورپ رابطہ کمیٹی کے صدر ندیم یو سف ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی ڈنمارک کے رہنما عدنان ورک اور فرانس میں پی ٹی آئی کے سینئرنائب صدر چوہدری اشفاق نے شرکت کی۔ انہوں نے ٹیک فورس کے سربراہ محبوب اسلم کے الزامات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا جس شخص کی اپنی ذات پر کیلیفورنیا میں کرپشن کے الزامات ہیں وہ ہمارے احتساب کا مطالبہ کیسے کر رہا ہے؟ ۔ انہوںنے کہا انکے مطالبا ت کے حل کیلئے عمران خان سے ملاقات بھی کرائی لیکن انہوںنے پارٹی سربراہ سے بھی بدتمیزی کی۔ ہم عمران خان پر بھرپور اعتمادکا اظہا رکرتے ہیں، پارٹی میں کرپشن کامعاملہ بہت جلد حل ہو جائے گا اس کیلئے عمران خان نے انکوائری کمیٹی بنا دی ہے جو دو ہفتوں میں اس معاملے کی مکمل رپورٹ پیش کریگی اور یہ آڈٹ رپورٹ پارٹی کی ویب سائٹ پر بھی جا ری کر دی جائے گی۔