• news

تحریک انصاف ٹیک فورس کے کنونشن میں ہنگامہ، وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا

لاہور (خبر نگار) تحریک انصاف ٹرانسپرنسی اکائونٹیبلٹی سیل فورس کا پارٹی کے عہدیداروں کے احتساب کے لئے بلایا کنونشن انہی عہدیداروں پر اعتماد کا مظہر بن گیا جس پر وہاں موجود کارکنوں نے سخت احتجاج کیا  اورکنونشن بدانتظامی کا شکار ہو گیا، کارکن بار بار صحافیوں اور مقررین سے لڑتے رہے اور بالآخر کنونشن قبل از وقت ہی ختم کرنا پڑا۔ بعض کارکنوں نے ایک دوسرے پر مسلم لیگ ن کا ایجنٹ ہونے کا بھی الزام لگایا۔ بعض کا کہنا تھا ایوان اقبال کے ہال کا کرایہ بھی مسلم لیگ ن نے ہی دیا ہے۔ کنونشن ابھی جاری تھا کہ ایک کارکن طارق جاوید نے سٹیج پر چڑھنے کی کوشش کی اور فراڈئیے فراڈئیے کے نعرے لگائے طارق جاوید نے سٹیج پر بیٹھے شرکاء کی طرف اشار ہ کرتے ہوئے کہا تم چمچہ گروپ ہو، عمران خان پر تنقید کرنے کی بجائے ان کی تعریفوں کے پل باندھ رہے ہو، ہمیں دھوکہ دے کر یہاں بلایا گیا ہے۔  دیکھتے ہی دیکھتے اور بھی کارکن ٹیک فورس کے خلاف بولنا شروع ہو گئے۔ ایک خاتون نے تحریک انصاف کے کچھ عہدیدار وں کا نام لیکر کہا  ان کو فوری طور پر پارٹی سے نکالا جائے، ان کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، یہ بدعنوان لوگ ہیں، یہ تو پارٹی کے ٹکٹ فروخت کرتے ہیں، کارکنوں کے احتجاج پر پورے ہال میں  ہنگامہ شروع ہو گیا۔ ٹیک فورس  کے کنونشن میں تین سو سے زائد کارکنوں نے شرکت کی جس سے ہارون رشید،  زبیر احمد، ڈاکٹر روبینہ، محبوب اسلم، محمد عارف،  فرخ، حفیظ قیصر اور دیگر نے خطاب کیا۔ معروف دانشور ہارون رشید نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک لیڈر کو منتخب کر کے پھر اس پر بھروسہ کرنا چاہئے۔ ٹیک فورس کے کیا مقاصد ہیں آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ آیا یہ تحریک انصاف کو مضبوط کرتی ہے یا پھر اس کے خش و خاشاک سے ایک اور پارٹی جنم لے گی۔ انہوں نے کہا میں ٹیک فورس کے ساتھ ہوں، وسائل کی ضرورت پڑے گی تو میں کچھ نہ کچھ دے دوں گا۔ انہوں نے کہا این اے 177میں ایک دانشور کو مسترد کر کے شاہ محمود قریشی کے رشتہ دار کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا تھا اس سے ظاہر ہوتا ہے اکیلے  عمران خان ہی فیصلے نہیں کرتے تھے۔ انہوں نے کہا لیڈر خوشامدیوں کے ہاتھوں تباہ ہو جاتے ہیں۔ ٹیک فورس کے بانی زبیر احمد نے کہا ٹیک فورس عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنے کے لئے بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیک فورس کا ایک ایک کارکن عمران خان کے لئے مر مٹنے کے لئے تیار ہے میں باقی سیاسی جماعتوں کو بتا دینا چاہتا ہوں تحریک انصاف کو نقصان پہنچانے کا ان کا ایجنڈا پورا نہیں ہونے دیں گے، ہم نے عمران خان کے پیچھے نماز پڑھی ہے ہم ان کے بازو بنیں گے، پارٹی کو ملنے والی امداد کی تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو دو ہفتہ میں رپورٹ پیش کرے گی،  بلوچستان سے آئے ہوئے کارکن محمد عارف نے کہا  ہم اپنے سروں پر کفن باندھ کر نکلے ہیں ٹیک فورس تحریک انصاف کو مضبوط کرے گی۔ محبوب اسلم نے کہا ہم نے عمران خان کی آواز پر لبیک کہا ہے، عمران خان نے 17سال پارٹی کو دئیے، ہم پارٹی میں ضرور احتساب کریں گے اور یہاں کسی چور کا مستقبل نہیں ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن