• news

احرار الہند کے نام سے نیا گروپ قائم‘جنگ بندی سے لاتعلقی، شہری علاقوں میں حملے جاری رکھنے کا اعلان

پشاور/ اسلام آباد (آئی این پی) تحریک طالبان پاکستان اور حکومت کے درمیان جاری مذاکرات کے درمیان  مولانا عمر قاسمی کی امارت میں احرار الہند کے نام سے  نیا فدائی گروپ منظر عام پر آ گیا جس نے حکومت اور  طالبان کے درمیان جاری مذاکرات سے  اظہار لاتعلقی کرتے ہوئے کسی قسم کے سیز فائز کو ماننے سے انکار کر دیا۔ شہری علاقوں  میں براہ راست کارروائیاں کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا کو  نامعلوم مقام سے جاریکردہ  بیان میں  تحریک طالبان کے نئے گروپ  احرار الہند کے ترجمان  اسد منظور نے  کہا ہے کہ اسلام آباد مکمل ضابطہ حیات، قر آن و سنت ہر مسلمان کیلئے مشعل راہ ہے جس کو ساتھ لیکر  منزل تک  پہنچنے کے راستے میں آنے والی ہر مشکل  اجر و ثواب کا باعث ہوتا ہے۔ یہی عزم لے کر  ہم بھی  تحریک طالبان پاکستان  کے ساتھ میدان عمل میں کود پڑے تھے لیکن حالات کچھ اسطرح  کے ہوئے کہ تحریک طالبان کے قائدین کچھ مصلحتوں کا شکار ہو گئے  اور صرف قبائل کو آزادی دلانے کیلئے  مذاکرات کی میز پر بیٹھ گئے۔ شریعت  کو صرف قبائلی علاقوں تک محدود رکھنے سے شہری علاقوں  اور  مجاہدین کو نظرانداز کر دیا گیا ہے۔ مجاہدین کو نظرانداز کرنا  دانشمندی نہیں۔ شریعت کے مکمل نفاذ تک  فدائی حملے اور مسلح جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے تحریک طالبان کے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے کہاکہ  ماضی میں تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ  دیگر جہادی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرتے تھے اب سے  ہم  اپنے طور پر کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن