طالبان سے مذاکرات ڈرامہ ہیں مشرف کے بارے میں فیصلہ انکے میزبان ہی کرینگے: شیخ رشید
جدہ (امیر محمد خان سے) طالبان سے مذاکرات ایک ڈرامہ ہیں موجودہ صورتحال میں انکی کامیابی کیلئے صرف دعا ہی کی جاسکتی ہے۔ یہ بات عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کویت جاتے ہوئے جدہ میں نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ پاکستان کے سیاسی حالات اور حکومت کی کارکردگی پر شیخ رشید نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ حکومت نے اکتوبر نکال لیا تو اس کے مزید چلنے کے آثار ہوں گے، یہ بات مسلم لیگ کی اعلی قیادت بھی جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جلاوطنی اور اپنی حکومت کے خاتمے کے عمل سے کچھ نہیں سیکھ سکے، امید تھی وہ اس عرصہ بہتر انتظامات کے تحت حکومت چلائیں گے۔ انہوں نے کہا پی پی پی کو نواز شریف سے بہتر وزیراعظم نہیں مل سکتا تھا ان کی عیش ہے۔ شیخ رشید نے پرویز مشرف پر قائم مقدمات کے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کے معاملے میں حکومت کا کوئی دخل نہیں پرویز مشرف جن کے مہمان تھے وہی میزبان فیصلہ کریں گے کہ انہیںکب پاکستا ن سے جانا ہے ، واقعات سب کے سامنے ہیں اس میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے۔این این آئی کے مطابق شیخ رشید احمد نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن کا کڑا امتحان ہے اور اگر ملک و قوم کے مفاد میں آواز نہ اٹھائی گئی تو آنیوالی نسلیں بھی ہمیں معاف نہیں کریں گی، قومی اداروں کی نجکاری کے نام پر بندر بانٹ کا پروگرام بنایا جا رہا ہے، حکمرانوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں اور آنیوالے دنوں میں آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کو پورا کرنے کیلئے عوام پر مہنگائی کے مزید بم گرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔