سٹے بازی، آئی سی سی کے نئے سربراہ سری نواسن کا داماد قصوروار قرار
نئی دہلی (بی بی سی ڈاٹ کام) بھارت میں آئی پی ایل میچوں میں سپاٹ فکسنگ اور سٹے بازی کے معاملات کی تحقیقات کرنے والی جسٹس موکول مودگل کمیٹی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر اور بگ تھری کے چیف ایگزیکٹو اور آئی سی سی کے نئے سربراہ این سری نواسن کے داماد اور چنئی سپر کنگ ٹیم کے نمائندے گرو ناتھ میپن کو سٹے بازی کا قصوروار قرار دیا ہے۔ کمیٹی کے اس فیصلے سے چنئی سپر کنگ ٹیم کو آئی پی ایل سے باہر کیا جا سکتا ہے۔ سپریم کورٹ میں پیش کی گئی رپورٹ میں مودگل کمیٹی نے کہا ہے کہ گرو ناتھ میپن چنئی سپر کنگ کے واضح طور پر نمائندے تھے اور ٹیم ہر جگہ انہی کے نام سے جانی جاتی تھی۔ کمیٹی نے کہا ہے کہ مسٹر میپن میچوں کے درمیان غیر قانونی طور پر سٹے بازی میں ملوث ہیں۔ جسٹس مودگل نے کہا کہ ’سٹے بازی میں گروناتھ کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں۔‘ سری نواسن کے داماد گروناتھ کوگذشتہ برس ممبئی پولیس نے سٹے بازی کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور بعد میں ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔ گرفتاری کے وقت سری نواسن نے کہا تھا کہ میپن چنئی سپر کنگ ٹیم کے مالک نہیں ہیں اور وہ صرف کرکٹ کے مداح ہیں۔ لیکن تحقیقاتی کمیٹی نے کہا ہے کہ میپن ٹیم کا ’اصل چہرہ ہیں اور انہیں ہی ٹیم کے مالک کے طور جانا جاتا تھا۔‘ گذشتہ برس بہار کرکٹ ایسوی ایشن نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی اس تفتیش کو چیلنج کیا تھا جس میں بورڈ کے صدر اور چنئی سپر کنگ ٹیم کو کلین چٹ دے دی گئی تھی۔ اس پٹیشن کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے آئی پی ایل میں سپاٹ فکسنگ اور سٹے بازی کی تفتیش کے لئے گذشتہ برس ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اس کمیٹی نے اپنی یہ رپورٹ پیر کو جمع کرائی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے ’آئی پی ایل میں کچھ سنگین نقائص ہیں جنھیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔‘ کمیٹی نے گذشتہ چار مہینوں میں، آئی پی ایل ٹیموں کے مالکوں، انسداد بدعنوانی کے اہل کاروں، پولیس کے تفتیش کاروں اور سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ، انیل کمبلے اور سوروگانگولی جیسے کرکٹروں اور پردیپ میگزین جیسے سرکردہ سپورٹس صحافیوں سے بات چیت کے بعد سپاٹ فکسنگ اور سٹے بازے روکنے کے لئے بعض سفارشیں بھی کی ہیں۔ مودگل کمیٹی کی یہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب آئندہ آئی پی ایل سیزن کے لئے کھلاڑیوں کی نیلامی کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ حال ہی میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے ضوابط میں ترمیم کے بعد مسٹر سری نواسن کو کونسل کا آئندہ صدر منتخب کیا گیا ہے۔