• news

حکومتی کمیٹی کی ملاقات، مذاکرات نتیجہ خیز بنائے جائیں: وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ این این آئی) وزیراعظم نوازشریف نے ملک میں امن قائم کرنے کے لئے حکومت اور طالبان کمیٹیوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے حکومتی کمیٹی کے ارکان نے بتایا ہے کہ مذاکرات میں ابتدائی پیشرفت مثبت ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی کی قیادت میں عرفان صدیقی، رستم شاہ مہمند، میجر (ر) محمد عامر اور رحیم اللہ یوسف زئی پر مشتمل 4 رکنی ٹیم نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران طالبان کی رابطہ کمیٹی کی طالبان شوریٰ سے ملاقات کا معاملہ بھی زیر غور آیا، حکومت اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹیوں کا دوسرا مشترکہ اجلاس جلد بلانے پر بھی گفتگو کی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ مذاکرات کو نتیجہ خیز بنایا جائے۔ دوسری جانب طالبان کے کوآرڈینیٹر مولانا محمد یوسف نے کہا ہے کہ حکومتی کمیٹی سے ملاقات کل متوقع ہے جس میں حکومتی ارکان کو طالبان شوریٰ سے ملاقات کے حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ یوسف شاہ نے کہا کہ طالبان سیاسی شوریٰ نے حکومت کے 5 نکاتی مطالبات کا جواب بھیجا ہے۔ ابتدائی طور پر مذاکرات کے طریقہ کار پر بات ہوئی۔ وزیراعظم، آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقات کیلئے سرکاری کمیٹی سے کہا ہے حکومتی کمیٹی آئندہ ملاقات میں اس پیشرفت سے آگاہ کرے گی۔ طالبان سے ہونے والی بات چیت سے متعلق حکومتی کمیٹی اور پھر میڈیا کو آگاہ کریں گے۔ یوسف شاہ نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر عرفان صدیقی کو فون کیا۔ اس حوالے سے عرفان صدیقی نے بتایا کہ یوسف شاہ نے طالبان شوریٰ کے ارکان سے ملاقات پر آگاہ کیا۔ ثناء نیوز کے مطابق مذاکرات کے معاملے حکومتی و ثالثی کمیٹیوں کا دوسرا باضابطہ اجلاس کل ہو گا تاہم مقام کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے اکوڑہ خٹک یا اسلام آباد میں اس اجلاس پر مشاورت ہوئی۔ ثالثی کمیٹی نے حکومتی کمیٹی کے دورہ اکوڑہ خٹک کی خواہش ظاہر کی۔ یوسف شاہ کے مطابق اجلاس کل ہو گا۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن رستم شاہ مہمند نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف مذاکرات میں بہت مخلص ہیں۔ مذاکراتی کمیٹی کے پاس پارلیمنٹ کا مینڈیٹ نہیں۔ پارلیمنٹ کی حقیقت اپنی جگہ ہے۔ ہماری کوشش ہو گی مسئلہ مذاکرات سے حل کیا جائے۔ مذاکرات آئین کے دائرہ کار میں ہوں گے۔ حکومتی ٹیم نے طالبان کی مذاکراتی کمیٹی سے رابطہ کر لیا ہے اور ذرائع کے مطابق آئندہ دو روز میں کمیٹیوں کا باضابطہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ مولانا سمیع الحق اور پروفیسر ابراہیم کی مصروفیات کے باعث اجلاس 2 روز میں ہو گا۔ حکومتی مذاکراتی ٹیم وزیراعظم نوازشریف سے آج پھر ملاقات کرے گی۔ میجر (ر) عامر نے وزیراعظم نوازشریف سے علیحدگی میں بھی ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن