• news

مذاکرات کے دوران سیز فائر رہے گا‘ حملے کا بھرپور جواب دینگے : کور کمانڈرز کانفرنس

اسلام آباد (سکندر شاہین/ دی نیشن رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کے اجلاس میں اس بات کا عزم ظاہر کیا گیا ہے کہ حکومت کے فیصلے کے مطابق عسکریت پسندوں کے ساتھ مذاکرات کے دوران وہ سیز فائر کی پالیسی پر عمل کریں گے، تاہم اگر تحریک طالبان نے سکیورٹی فورسز پر براہ راست حملہ کیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس بات کا فیصلہ جی ایچ کیو میں 169 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں کیا گیا۔ آرمی چیف کی سربراہی میں یہ تیسری کور کمانڈرز کانفرنس تھی۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران تحریک طالبان سے مذاکرات کے دوران فوجی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف غداری کے مقدمے، کراچی میں سندھ رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن، پاکستان سعودی عرب فوجی مشقوں کے حوالے سے غور کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی آپریشن سے تعلق رکھنے والے انٹیلی جنس اہلکار نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے پہلے ہی فاٹا کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن روک دیا ہے۔ سیز فائر کیا گیا ہے اور اس کی ہماری جانب سے خلاف ورزی نہیں کی جائے گی۔ لیکن اگر دوسری جانب سے اگر اس معاملے میں لبرٹی لی گئی تو یہ پھر دوسرا معاملہ ہوگا۔ اس موقع پر اورکزئی ایجنسی میں حکومت کے حامی امن ملیشیا سے تعلق رکھنے والے ملک حاجی محمد کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے واقعات سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان کشیدگی کا باعث ہیں۔ ٹی ٹی پی نے اس قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اندرونی ذرائع کے مطابق کراچی کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی نے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن پر بریفنگ دی۔ اس میں کہا گیا کہ سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز پر کریک ڈائون کی شدید مخالفت ہوسکتی ہے۔ اس موقع پر سب کا یہ متفقہ خیال تھا کہ سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔ اس موقع پر مشرف کے بیرون ملک جانے کے امکان کی نفی کی گئی۔ کانفرنس میں ملکی اور عسکری امور پر غور کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ماہانہ معمول کی کور کمانڈرز کانفرنس ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والے حالیہ مذاکراتی عمل پر غور کیا گیا۔ کانفرنس کا اہم ایجنڈا پاکستان اور افغانستان کی سرحدوں کی صورتحال پر غور تھا، کور کمانڈرز کانفرنس میں لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی اس کے علاوہ ملکی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس آج بھی جاری رہے گی۔ پاک فوج کے پروموشن بورڈ کا اجلاس بھی آج ہو گا۔ 19 سے 29 بریگیڈئرز سے میجر جنرلز کے عہدوں پر ترقی دی جائے گی۔ کانفرنس میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور، ملک کی اندرونی و بیرونی صورتحال، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل راحیل شریف نے شرکا کو اپنے دورہ سعودی عرب سے آگاہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دو روزہ کور کمانڈرز کانفرنس معمول کی ماہانہ کانفرنس ہے۔ پہلے روز پیشہ ورانہ امور زیر غور آئے۔ شرکا نے اندرونی اور بیرونی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن