ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد (خبر نگار + نوائے وقت نیوز) وزیر پٹرولیم شاہد خاقان نے کہا ہے کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے منصوبے کی ڈیڈ لائن پر ایران سے لچک کی درخواست کی۔ ملک میں گیس کی شدید قلت کے باعث گھریلو صارفین کے سوا تمام شعبوں کی گیس بند کر دی گئی۔ گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت گیس کی قلت پر قابو پانے کے لئے اقدامات کر رہی ہیں اور اس سلسلے میں ایل این جی کی درآمد کے ساتھ ساتھ تیل و گیس کی دریافت کے لئے نئے لائسنس بھی جاری کئے گئے ہیں جن سے گیس کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔ علاوہ ازیں وزیر پٹرولیم نے کہا ہے کہ سول فیلڈ سے 3 کروڑ کیوبک فٹ گیس پیداوار رواں ماہ میں شروع ہو جائے گی اور فیلڈ سے 7500 بیرل تیل اور 200 ٹن ایل پی جی یومیہ پیداوار ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تیل و گیس کی تلاش کیلئے وزارت پٹرولیم اور او جی ڈی سی ایل کے درمیان ہونے والے معاہدوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا مزید 30 بلاکس کے معاہدوں اور لائنوں پر اس ماہ دستخط ہوں گے۔