• news

حکومت مذاکرات ناکام بنانے کیلئے منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے: عمر خالد خراسانی

پشاور/ اسلام آباد ( آئی این پی ) کالعدم تحریک طالبان پاکستان مہمند ایجنسی کے امیر عمر خالد خراسانی نے حکومت پر طالبان سے مذاکرات کو ناکام بنانے کیلئے منفی ہتھکنڈے استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف ہمارے ساتھ مذاکرات کئے جارہے ہیں تو دوسری طرف ہمیں اپنے ساتھیوں کی نعشوں کا تحفہ دیا جارہا ہے۔ پشاور میں سیکیورٹی ادارے کی زیرحراست ہمارے دو ساتھیوں کو قتل کردیا گیا ہے۔ اس صورتحال نے ہمیں بے چین اور سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ اگر یہی حالات رہے تو امن کی خواہش خواب ہی رہے گی۔ نامعلوم مقام سے میڈیا کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے آغاز سے ہی حکومت کی طرف سے منفی ہتھکنڈے شروع ہوگئے تھے۔ درحقیقت حکومت مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتی یہی وجہ ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل ہمارے ساتھیوں کی نعشیں گرائی جارہی ہیں۔ تازہ واقعہ میں پشاور میں ہمارے دو ساتھی عمر اور امداد عرف خان جو کئی دن سے ایک سکیورٹی ادارے کی حراست میں تھے انہیں بھی قتل کردیا گیا۔ یہ بات واضح ہے کہ حکومت قیام امن کیلئے سنجیدہ نہیں وہ صرف سیاسی گیم کھیلنا چاہتی ہے۔ حکومت کبھی بھی خفیہ ایجنسیوں کو کنٹرول نہیں کر سکتی۔ حکومت چاہتی ہے ہمارے خلاف زیادہ سے زیادہ پراپیگنڈہ کرکے آپریشن کی راہ ہموار کرکے اپنے مقاصد حاصل کرے۔

ای پیپر-دی نیشن