جعلی ڈگری کیس: سعید اکبر اور رشید نوانی کی سزا معطل، رہائی کا حکم
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں سابق ارکان اسمبلی سعید اکبر اور رشید اکبر نوانی کی سزائیں معطل کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوارالحق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو ملزمان کی جانب سے بتایا گیا کہ ماتحت عدالت نے حقائق کے برعکس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سعید اکبر نوانی اور رشید اکبر نوانی کو مجموعی طور پر دس سال قید کی سنائی حالانکہ جعلی ڈگری سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ سرکاری وکیل نے بتایاکہ یہ ثابت ہو چکا ہے ملزمان نے 2008 کے انتحابات میں جعلی ڈگری کا سہارا لے کر انتحابات میں حصہ لیا تھا عدالت نے رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے 1، 1 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔