آئین قرآن کے تابع ہے، مقابلہ کیسا، مذاکرات کی کامیابی چاہتے ہیں: شجاعت
لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ آئین قرآن کے تابع ہے ان کا مقابلہ کیسا؟ قرآن اور آئین کا آپس میں مقابلہ کی جو کوششیں کی جا رہی ہیں وہ درست نہیں، بلاشبہ قرآن آئین سمیت تمام چیزوں سے افضل و برتر ہے۔ گذشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت نے مزید کہا کہ میری دعا ہے کہ حکومت اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات کامیاب ہوں، دہشت گردی ختم اور امن و امان بحال ہو لیکن مذاکرات، تخریب کاری اور ڈرون حملے ایک ساتھ کیسے ممکن ہیں؟ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ مذاکرات کے حوالے سے مختلف خبریں سامنے آ رہی ہیں لیکن ہم ان کی کامیابی چاہتے ہیں۔ شجاعت حسین نے حکمرانوں کے کشکول توڑنے کے دعووئوں کے بارے میں سوال پر کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط مان کر قرضے کی ایک اور قسط منظور کروا لی گئی ہے، کشکول توڑنے کے دعویداروں نے کشکول کی بجائے بڑی بڑی دیگیں پکڑ لی ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ عوام کو کونسا نیا لولی پاپ دیا جائے گا۔ انہوں نے پرویز مشرف کے کیس کے بارے میں سوال پر کہاکہ سابق آرمی چیف کو غدار قرار دینے کے بہت بْرے نتائج سامنے آئیں گے۔ اس سوال پر کہ بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر موجودہ حکمران بھی آئین سے انحراف کرکے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں؟ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ میں اسی لئے کہتا ہوں کہ آئین شکنی کا لفظ مناسب رہے گا۔