سبی: ایف سی کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ‘ 18 اہلکار زخمی
سبی + کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے علاقے سبی میں تلی روڈ پر فرنٹیئر کور کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملے کے نتیجے میں 18 اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے دھماکے سے 2 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ گذشتہ روز فرنٹیئر کور کا قافلہ سبی سے تلی روڈ پر جارہا تھا کہ کٹ منڈائی کے مقام پر نامعلوم افراد کی جانب سے قافلے کو بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا اور سڑک کنارے نصب بم پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں گاڑیوں میں سوار نائب صوبیدار اختر ‘ حوالدار ضمیر ‘ نائیک سجاد ‘ نائیک فلک شیر ‘ لانس نائیک محمد خان ‘ لانس نائیک راحت گل ‘ سپاہی غفور ‘ سپاہی عمر خان ‘ سپاہی طارق ‘ سپاہی غلام یاسین ‘ سپاہی ثناء اللہ ‘ سپاہی عنایت اللہ ‘ سپاہی ظہیر الدین ‘ سپاہی شیر بہادر ‘ سپاہی جان محمد ‘ سپاہی اشتیاق احمد ‘ سپاہی عصمت اللہ ‘ سپاہی محمد یونس زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز گشت پر تھی کہ سڑک کے کنارے نصب دھماکہ خیز مواد زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ سکیورٹی فورسز کی دو گاڑیاں مکمل تباہ ہو گئیں۔ آئی این پی کے مطابق دھماکے کے باعث تین اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔ تاہم ہلاکت کی سرکاری ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ دھماکہ کے بعد علاقہ کو گھیرے میں لے لیا گیا تاہم کسی بھی قسم کی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔ ایف سی ترجمان کے مطابق پیر کو ایف سی کی گاڑیوں کا ایک قافلہ گزر رہا تھا کہ سڑک کنارے پل کے نیچے دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا۔ دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں فرنٹیئر کور عملے نے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے زیرزمین چھپائی جانے والی بارودی سرنگ ناکارہ بنا دی۔ پیر کوہ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کے قریب نامعلوم افراد نے تخریب کاری کی غرض سے بارودی سرنگ نصب کر رکھی تھی۔ ثناء نیوز کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے حیدری نالہ میں ایف سی کی کارروائی دیسی ساختہ بم، 5 کلو دھماکہ خیز مواد برآمد کر کے 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔