افغانستان : نیٹو کانوائے کی گاڑی پر خودکش حملہ‘2 امریکی کنٹریکٹر ہلاک
کابل (اے پی اے+اے ایف پی) جرمن وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے افغانستان کے غیر اعلانیہ دورے کے دوسرے روز افغان صدر حامد کرزئی کے ساتھ ملاقات کے لیے دارالحکومت کابل کا رخ کیا۔ اطلاعات ہیں کہ اِس ملاقات میں کرزئی اور اشٹائن مائر 2014ء کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ جرمن وزیر خارجہ نے صدرکرزئی پر زور دیا کہ وہ باہمی سکیورٹی کے معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دیں۔ ادھر کابل میں پل چرخی جیل کے قریب خودکش کار بم دھماکے میں امریکہ کے 2 کنٹریکٹرز ہلاک ہوگئے۔ کابل پولیس کے ترجمان حشمت سٹانکزئی نے بتایا بمبار نے نیٹو کے قافلے میں شامل گاڑی سے کار ٹکرا دی۔ علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی۔کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ بتایا جاتا ہے دونوں سویلین ٹھیکیدار نیٹو افواج کیلئے کام کرتے تھے۔ آن لائن کے مطابق خود کش حملے میں 13 امریکی فوجی ہلاک جبکہ 2 گاڑیاں مکمل تباہ ہوگئیں ۔ واقعہ کے فوراً بعد غیر ملکی اور افغان فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا جبکہ طالبان سمیت کسی گروپ نے ابھی تک واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور ایساف نے بھی واقعہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ۔