خیبر پی کے انصاف ہیلتھ سکیم پر جے یو آئی (ف) کا اظہار تشویش
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) جمعیت علما اسلام (ف) کے ترجمان جان اچکزئی نے صوبہ خیبر پی کے کے وزیراعلی پرویز خٹک کو اپنے ایک خط میں انصاف ہیلتھ سکیم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے اس مجوزہ سکیم میں کام کرنے والے غیر ملکی کنسلٹنٹس اور غیر ملکی کارکن ملکی سلامتی کے لئے خطرہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلی کو خط میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کے اس سکیم جس میں تقریباً صوبے کے 23 اضلاع میں انتظامی بورڈ کو ڈونرز کی جانب سے رقم کی ادائیگی ہو گی اور ڈونرز کی شرط کے مطابق ان بورڈز میں غیر ملکیوں کو بھی تعیناتی کا حق حاصل ہو گا پر ہمیں تشویش ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ماضی میں کچھ این جی اوز غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں بتایا جائے کہ اس حوالے سے کیا اقدامات تجویز کئے جا رہے ہیں۔ جان اچکزئی نے کہا ہے کہ انصاف ہیلتھ کے نام پر اس سکیم میں میڈیا کو اشتہار کی مد میں کروڑوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جو سرکاری خزانے کے لئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کا پیسہ پارٹی اشتہار کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے جو قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اس سلسلے میں کئے جانے والے تحریک انصاف کے اقدامات سے آگاہ کیا جائے اور سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال نہ کیا جائے۔