ذکا اشرف کیخلاف مالی بے ضا بطگیوں کے 13 الزمات، وائٹ پیپر تیار
لاہور (آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی نے سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کیخلاف وائٹ پیپر تیار کرلیا۔ مینجمنٹ کمیٹی کے مطابق سابق چیئرمین ذکاء اشرف نے مالی بے ضابطگیوں کے ساتھ اختیارات کا ناجائز استعمال بھی کیا، وائٹ پیپر میں 13 الزامات اور 10 بڑی ناکامیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ وائٹ پیپر میں کہا گیا ہے کہ وہ ساڑھے 3 کروڑ کا ہوٹل اور گراؤنڈ بغیر کسی ٹینڈر کے بنوانا چاہتے تھے، سپر لیگ کے نام پر 4 کروڑ روپے ضائع کئے، 70 لاکھ کی پرآسائش گاڑیاں خریدیں، 23 لاکھ روپے کے چیمپئنز ٹرافی 2013ء کے ٹکٹس فیملی میں تقسیم کئے۔پی سی بی وائٹ پیپر کے مطابق کمیٹی نے الزامات کے ساتھ ساتھ ناکامیاں بھی گنوادیں، 10 بڑی ناکامیوں میں شامل بنگلہ دیش کی ٹیم کو پاکستان نہ لاسکے،بگ تھری میں بھی پالیسی ناکام ثابت ہوئی۔