چیئرمین پی اے سی سے پلاننگ کمیشن حکام کی ملاقات، جاری منصوبوں، لاگت پر بریفنگ دی
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین سید خورشید شاہ سے پلاننگ کمیشن کے حکام نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی اور ملک بھر میں جاری منصوبوں کی تفصیلات اور لاگت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین پی اے سی کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں 2500 منصوبوں میں سے 1100 منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی لاگت 3000 ارب ہے۔ چیئرمین پی اے سی نے ہدایت کی کہ منصوبوں میں فنڈز کے اجراء کے معاملات میں شفافیت اختیار کی جائے۔ سید خورشید شاہ نے پلاننگ کمیشن کے حکام سے پوچھاکہ پلاننگ کمیشن کے پاس منصوبوں کی مکمل تعداد کیا ہے اور ان منصوبوں پر کام کن مراحل پر ہے جس پر پلاننگ کمیشن کے حکام نے بتایا ہے کہ جاری منصوبوں کی تعداد 2500 تھی جسے کم کر کے 1100منصوبے بنائے ہیں۔ ان گیارہ سو منصوبوں کی لاگت 3000ارب روپے ہے۔ چیئرمین پی اے سی نے پلاننگ کمیشن کے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی منظوری کے وقت تمام عمل میں شفافیت اختیار کی جائے تا کہ قوم کا قیمتی سرمایہ ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔