امریکہ سے تعلقات خارجہ پالیسی کا اہم جزو، روابط کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں: پرویز رشید
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ میڈیا پاکستان امریکہ تعلقات میں کردار ادا کر سکتا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری نقصان اٹھایا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا جائے، پاکستان آمریت سے جمہوریت میں داخل ہو چکا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان صحافیوں کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے۔ وہ گزشتہ روز امریکی صحافیوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سے تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں اور ہم باہمی اعتماد اور وقار کی بنیاد پر امریکہ سے تعلقات کو وسیع کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان امریکہ سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور صدر اوباما کی دعوت پر وزیر اعظم نواز شریف کا دورہ امریکہ تعلقات میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اس وقت آمریت سے جمہوریت کے دور میں داخل ہو چکا ہے اور ملک میں میڈیا آزاد ہے اور دونوں ممالک کے درمیان صحافیوں کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے کیونکہ ذرائع ابلاغ پاک امریکہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔