ہائیکورٹ: متبادل ذرائع سے بجلی پیدا نہ کرنے کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو دوبارہ نوٹس
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے متبادل ذرائع سے بجلی پیدا نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کاشف سلمانی ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ متبادل ذرائع سے بجلی پیدا نہ کرنے کی وجہ سے عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب کا سامنا ہے۔ حکومت ہوا، کوڑے، کوئلے اور شمسی بجلی جیسے سستے اور آسان منصوبے بنانے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی۔ حکومتی غفلت کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے جس کے نتیجے میں ملک بھر کی انڈسٹری تباہ اور معیشت ابتری کا شکار ہے۔ سرکاری وکیل نے وفاقی حکومت کا جواب داخل کرنے کے لئے عدالت سے مزید مہلت طلب کی جس پر عدالت نے متبادل ذرائع سے بجلی پیدا نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو بارہ مارچ تک کے لئے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور سماعت ملتوی کر دی۔