• news

علیحدگی پسند بلوچوں سے جلد مذاکرات ہونگے، وزیراعظم نے حمایت کا وعدہ کیا ہے: حاصل بزنجو

اسلام آباد (آئی این پی) بلوچستان میں حکمران نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ علیحدگی پسند بلوچ رہنمائوں سے جلد مذاکرات شروع کرنیوالے ہیں، وزیراعظم نے مذاکرات کی حمایت کا وعدہ کر رکھا ہے۔ بلوچستان اسمبلی میں جلد ہی زرعی اصلاحات کا بل لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسامہ بن لادن اور طالبان شہید نہیں،  دہشت گرد ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ نے انتہاپسندوں کو بہت سر مایہ خرچ کر کے طاقتور بنایا ہے، سندھ و بلوچستان میں دینی مدارس کا مشروم کی طرح پھیلائو معاشرے کو تباہ کردیگا، بلوچستان میں کچھ عرصہ قبل دو لڑکیوں کو زندہ دفنانے کے واقعہ کی دوبارہ تحقیقات شروع کریں گے۔ نیشنل پارٹی کی حکومت نے صوبے میں تعلیم کا بجٹ 4 فیصد سے بڑھا کر 24 فیصد جبکہ صحت کا بجٹ 3 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کیا، لاپتہ بلوچ افراد کی بازیابی کیلئے لانگ مارچ کرنے والوں کا اسلام آباد میں استقبال کریں گے۔ وہ گزشتہ روز سائوتھ ایشین میڈیا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ پاکستان میں لبرل جمہوری سوچ رکھنے والے لوگ ہر روز ایک قدم پیچھے ہٹ رہے ہیں جبکہ معاشرے کے دشمن انتہائی پسند و دہشت گرد ہر روز ایک قدم آگے بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے پورا معاشرہ یرغمال بن چکا ہے۔ سینیٹر حاصل بزنجو نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد جاگیردار، بیوروکریسی اور فوجی اسٹیبلشمنٹ ایک یونٹ بن گئے۔

ای پیپر-دی نیشن