عیسیٰ گڑھی دھماکہ: فرارکے دوران خودکش بمبار کی جیکٹ پھٹی : رپورٹ
پشاور (نوائے وقت نیوز) پولیس نے پشاور میں عیسیٰ خان گڑھی خودکش حملہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی جس کے مطابق حملہ خیبر ایجنسی کی دو کالعدم تنظیوں میں تصادم کے نتیجے میں ہوا۔ بم ڈسپوزل یونٹ نے بھی اپنی رپورٹ وفاق کو ارسال کردی۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ایک خود کش حملہ آور سمیت 3 حملہ آور خیبر ایجنسی کے ایک شخص کے جنازہ میں شریک افراد کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ لیکن مخالف گروپ کی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔ تاہم خودکش حملہ آور ایک گھر کے قریب گرا جس سے جیکٹ پھٹ گئی۔ جبکہ دیگر دو حملہ آور پولیس نے سرچ آپریشن میں گرفتار کر لئے۔ بم ڈسپوزل یونٹ کی سائنسی بنیادوں پر تیار کردہ رپورٹ کے مطابق خودکش حملہ آورزمین پر منہ کے بل گرا۔جس سے زمین میں گڑھا بنا۔ حملہ میں 6 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔ رپورٹ وفاق اور تحقیقاتی اداروں کا ارسال کردی گئی ہے۔ عیسی خان گڑھی خودکش دھماکے میں چار خواتین جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوئے۔ خودکش حملہ آور کی شناخت قدیم کے نام سے ہوئی ہے دیگر دو ساتھیوں کے نام امیرنواز اور مروت گل ہیں اور ان کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے۔