ہیلتھ انشورنس سکیم سے غریب خاندانوں کو علاج کی بہترین سہولتیں دینگے : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی، خود روزگار بینک، ہیلتھ انشورنس سکیم اور پنجاب خدمت کارڈ کے منصوبوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ خود روزگار سکیم کے تحت 4ارب 80کروڑ روپے کے بلا سود قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔ بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام سے 2لاکھ 88ہزار سے زائد غریب خاندان مستفید ہوئے ہیں۔ مستقبل میں بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کو مزید موثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس پروگرام سے مستفید ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سابق وفاقی وزیر شوکت ترین، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر مصدق ملک، صوبائی وزرائ، ارکان اسمبلی اور اعلیٰ سرکاری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی اور ان کی فلاح و بہبود پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے۔ انتہائی کم وسیلہ طبقات کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے۔ مستحق افراد کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے بلاسود قرضے دیئے جا رہے ہیں۔ بلا سود قرضے مستحق افراد میں شفاف انداز میں صرف اور صرف میرٹ پر تقسیم کئے گئے ہیں اور قرضوں کی واپسی کی شرح 99.8 فیصد ہے۔ بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لئے خود روزگار بینک کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے خدمت کارڈ کے ذریعے کم وسیلہ خاندانوں کو مزید ریلیف فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ہیلتھ انشورنس سکیم کے ذریعے غریب خاندانوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ابتدائی طور پر ہیلتھ انشورنس سکیم 4 اضلاع میں شروع کی جائے گی اور اس سکیم سے غریب خاندان پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی علاج معالجے کی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہیلتھ انشورنس سکیم کے حوالے سے تیز رفتاری سے پیش رفت کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبوں کے حوالے سے حتمی سفارشات مرتب کرنے کے لئے کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹیاں اگلے چار روز میں رپورٹ پیش کریں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے قائداعظم سولر پارک میں سولر پاور پراجیکٹ لگا رہی ہے۔ قائداعظم سولر پارک میں تمام ضروری سہولتوں کی فراہمی کا کام دن رات جاری ہے۔ سولر پارک میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کا سولر پراجیکٹ شفافیت اور معیار کا شاہکار ہوگا۔ قائداعظم سولر پارک اور سولر پراجیکٹ کا افتتاح اگلے ماہ کیا جائے گا۔ وہ گزشتہ روز اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ چیف سیکرٹری توانائی، سیکرٹریز صنعت، منصوبہ بندی و ترقیات، ہائوسنگ، تعمیرات و مواصلات، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سولر پاور پراجیکٹ پنجاب حکومت کا اپنی نوعیت کا ایک منفرد منصوبہ ہے جسے دن رات کام کرکے جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قائداعظم سولر پارک اور سڑکوں کے اطراف شجرکاری کی جائے اور پارک میں پانی سمیت ضروری سہولیات کی فراہمی کا کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہاہے کہ نوجوانوں کو معاشی طور پرخود مختار کر کے ہی حقیقی معنوں میں بااختیار بنایا جاسکتا ہے۔ پاکستان کی آبادی کا 60فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ نوجوانوں کی تعلیم وتربیت اور انہیں جدید علوم سے آراستہ کرنے پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا بہت بڑا پروگرام ہے یوتھ فیسٹیول کے ذریعے نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں اور یوتھ فیسٹیول حکومت پنجاب کا مستقل نوعیت کا پروگرام بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میں پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014 کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ا نہیں معاشی طور پر مضبوط کر کے ملک کو ترقی وخوشحالی کی منزل سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔ ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے 50ہزار سے زائدکم وسیلہ خاندانو ںکے بچے اور بچیاں معروف تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ ہر سال اس تعلیمی فنڈ میں 2 ارب روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے 5 سال بعد فنڈ کا حجم 20ارب تک پہنچ جائے گا اور اس لحاظ سے یہ جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا تعلیمی فنڈ ہوگا۔ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کی وائوچر سکیم کے تحت 10لاکھ بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے توانائی بحران کے خاتمے کے لئے حکومتی کاوشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے کوئلے سے سستی بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت اپنے وسائل سے ساہیوال میں 1320میگا واٹ کے کول پاور پلانٹس لگا رہی ہے جو آئندہ 3سال تک بجلی کی فراہمی شروع کر دیں گے۔ سرمایہ کار توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ حکومت پنجاب انہیں ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام سہولیات فراہم کرے گی۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کے منصوبے کو بھی دوبارہ بحال کیا گیا ہے اور اس منصوبے سے مئی تک ڈیڑھ سو میگا واٹ بجلی کا حصول شروع ہو جائے گا۔ وفاقی حکومت توانائی کے بحران کے خاتمے کے لئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔ کوئلے کے علاوہ ہائیڈل پاور کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں کرپشن کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں یہی وجہ ہے کہ گزشتہ 8ماہ کے دوران کرپشن کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوتھ فیسٹیول میں بہت سے عالمی ریکارڈ بنے ہیں جس سے دنیا میںکھیل کے میدان میں پاکستان کا نام روشن ہوا ہے۔ دریں اثناء شہباز شریف سے گذشتہ روز پنجاب اسمبلی کے چیمبر میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور انہیں اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کیلئے متعدد ترقیاتی اور فلاحی پروگرام شروع کئے ہیں۔ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے بھی سنجیدگی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہماری توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے مخلصانہ کاوشیں انشاء اللہ ضرور رنگ لائیں گی اور ملک و قوم کو بجلی کے اندھیروں سے نجات ملے گی۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے گذشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر عرفان مروت نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی، پارٹی امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔