• news

طالبان کمیٹی سے استعفیٰ نہیں دیا، فی الحال ’’غیر فعال‘‘ ہوں: مولانا عبدالعزیز

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) لال مسجد کے سابق خطیب اعلیٰ ممتاز عالم دین مولانا عبدالعزیز نے کہا ہے کہ وہ طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کا حصہ ہیں۔انہوں نے کمیٹی سے استعفیٰ نہیں دیا۔فی الحال وہ ’’غیر فعال‘‘ ہیں۔ نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نفاذ شریعت کے مطالبہ پر بدستور قائم ہیں۔اگر کوئی اس اصولی مؤقف سے دستبردار ہوتا ہے تو وہ ایسا کرسکتا ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ان سے طالبان کی مذاکراتی کمیٹی نے کوئی رابطہ قائم کیا ہے اور نہ ہی اپنے کسی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ اگر مجھے کسی اجلاس میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا تو غور کروں گا۔سردست میں خاموش بیٹھا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک شریعت کے نفاذ کی واضح یقین دہانی نہیں کرائی جاتی اس وقت تک مذاکرات میں پیش رفت نہیں ہوسکتی۔ شاہ عبدالعزیز نے ان سے ملاقات کی تھی لیکن میں نے واضح کردیا تھا کہ شریعت کے نفاذ کے مطالبہ سے دستبردار نہیں ہوسکتا۔

ای پیپر-دی نیشن