• news

امن کیلئے طالبان سے مذاکرات شروع کئے، پیشرفت ہوئی مگر رفتار کم ہے: ممنون حسین

 اسلام آباد (آئی این پی+این این آئی)  صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت چاروں صوبوں میں یکساں ترقی کے لئے کام کررہی ہے‘صوبوں کو این ایف سی کے تحت ملنے والے فنڈز  کے  صحیح استعمال سے  تعلیم ‘ صحت اور دیگر شعبوںط میں  ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔ وہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق سندھ گورنر نے صدر کو  کراچی آپریشن کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ صدر نے گورنر سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت کے مسائل سمیت  تمام معاملات پر اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ این این آئی  کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں امن وامان ہوگا تو ترقی بھی ہوگی، طالبان سے مذاکرات میں بین الاقوامی اداروں سمیت ملکی ادارے بھی سپورٹ کررہے ہیں، ملک کا آئین اسلامی ہے، طالبان سے مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے لیکن رفتار کم ہے، کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، تمام سیاسی جماعتوں کے تحفظات بھی دور ہوں گے، سزائے موت کے قانون پر عمل درآمد رکا ہوا ہے، سیاسی طرز فکر چھوڑ کر فاٹا اور پولیو مہم کو موثر بنانے کیلئے اقدامات کررہا ہوں۔ وہ سٹیٹ گیسٹ ہائوس کراچی میں اخبارات کے مدیران اور کالم نگاروں سے ملاقات کررہے تھے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ حکومت نے طالبان سے مذاکرات کا عمل اس لئے شروع کیا ہے کہ ملک میں امن وامان کا مسئلہ حل ہو، دعا کرتے ہیں کہ معاملات مشاورت کے ذریعے حل ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے 35 سے 40 گروپ مذاکرات کے حامی ہیں، حکومت کی پالیسی ہے کہ جو مذاکرات نہیں کررہا انہیں علیحدہ کیا جائے تاکہ ان کی طاقت کمزور ہو جائے اور وہ بھی مذاکرات میں شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اتمام حجت کیلئے مذاکراتی عمل شروع کیا ہے تاکہ بغیر کسی خون خرابے کے ملک میں امن وامان بحال ہو۔  وزیراعظم نے آج (جمعرات) کو وزیر داخلہ چوہدری نثار کو کراچی آنے کا کہا ہے، وہ آکر ان تمام معاملات کو دیکھیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن