سپریم کورٹ نے زرداری کے بہنوئی کی تنزلی کیخلاف درخواست نمٹا دی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے سابق صدر زرداری کے بہنوئی فضل اللہ پلیچوکی تنزلی کے خلاف دائر درخواست نمٹاتے ہوئے متعلقہ حکام کو میرٹ پر ترقی دینے کی ہدایت کی ہے۔ مقدمہ کی سماعت کے دوران جسٹس اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ آپ (فضل اللہ) سابق صدرکے بہنوئی تھے سنیارٹی لسٹ میں آپ کا نمبر 132 ہونے کے باعث نشستوں کی تعداد بڑھا دی گئی۔ عدالت نے آپ کے خلاف فیصلے میں کچھ نہیں لکھا۔ جسٹس سرمد جلال عثمانی نے کہا کہ عدالت نے اپنے فیصلے میں شفافیت کو مدنظر رکھا کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہئے ہم کسی کی پرموشن کے خلاف نہیں ہیں مگر ہر کام میرٹ پر ہونا چاہئے۔ فضل اللہ کے وکیل نے کہ یہ بات غلط ہے کہ نشستوں کی تعداد میں میرے موکل کی وجہ سے اضافہ کیا گیا تھا۔