• news

شیخوپورہ میں پولیس گردی کے واقعات بڑھ گئے، شہری پریشانی میں مبتلا

لاہور (سٹاف رپورٹر) شیخوپورہ میں پولیس گردی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے پولیس کی جانب سے شہریوں کو تحفظ دینے کی بجائے مدعی پارٹی سے ساز باز کرکے شہریوں پر ناجائز مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ تھانوں میں رشوت خوری اور شہریوں سے ناانصافی ہو رہی ہے جبکہ آر پی او اور ڈی پی او شیخوپورہ کی جانب سے کرپٹ پولیس افسران کیخلاف کارروائی میں غفلت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی پولیس گردی کی وجہ سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے پولیس گردی اور اعلی پولیس افسران کی غفلت و لاپرواہی پر نوٹس کا مطالبہ کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ شیخوپورہ کی مختلف تحصیلوں میں پولیس گردی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک جانب چوری و ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں وہیں دوسری جانب پولیس کی نا انصافی نے ان کا جینا محال کر دیا ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف مقدمات کے اندارج کیلئے جانے والے شہریوں پر الٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں جبکہ قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی۔ پولیس اہلکار شہریوں کی بجائے جرائم پیشہ عناصر کے محافظ بن گئے ہیں۔ شیخوپورہ میں مویشیوں کی چوری، زمینوں پر قبضہ، اغواء برائے تاوان، اندھے قتل، چوری و ڈکیتی سمیت دیگر وارداتوں میں ماضی کے مقابلے بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ شہریوں کی جانب سے آر پی او شیخوپورہ ابوبکر خدا بخش اور ڈی پی او ہمایوں بشیر تارڑ سے متعدد درخواستیں کی گئیں لیکن اس کے باوجود کرپٹ پولیس افسران کیخلاف کارروائی سے گریز کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے سینئر افسران کی خاموشی پر وزیراعلیٰ شہباز شریف سے نوٹس کا مطالبہ کرتے ہوئے شہریوں کو پولیس گردی سے بچانے کی اپیل کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن