لاہور: ڈاکوئوں نے وین سے 25 لاکھ روپے لوٹ لئے‘ گارڈ قتل‘ گوجرانوالہ میں نوجوان مار ڈالا
لاہور+ گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر+نمائندہ خصوصی) شہر میں چوری و ڈکیتی کی مختلف وارداتوں کے دوران ڈاکوئوں نے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی، موبائل فونز، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا جبکہ ڈکیتی مزاحمت نجی بینک کے باہر سکیورٹی کمپنی کے گارڈ کو ڈاکوئوں نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ معلوم ہوا ہے کہ اوکاڑہ کا رہائشی 30سالہ حارث گزشتہ روز اللہ ہو چوک کے قریب نجی بینک کی وین میں کیش لے کر جا رہا تھا کہ سیاہ کار میں سوار 4 مسلح ڈاکوئوں نے وین روکنے کو کوشش کی۔ سکیورٹی گارڈز کی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے بینک کی وین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں حارث جاں بحق ہو گیا اور ڈاکو 25 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ دریں اثناء بادامی باغ میں ڈاکوئوں نے امتیاز کے گھر سے 8لاکھ روپے مالیت کے زیورات، نقدی اور قیمتی سامان، سمن آباد کے علاقہ میں فراست کے گھر سے 6لاکھ، غازی آباد میں منور کے گھر سے 5لاکھ، مناواں میں خوشنود کی حویلی سے 5لاکھ، مانگا منڈی میں ریاض کے گھر سے 5لاکھ، سٹی رائیونڈ میں نوازش کے گھر سے 5لاکھ، شادمان میں مشتاق کی فیملی سے 3لاکھ، ریس کورس میں افضل کی فیملی سے 2لاکھ، قلعہ گجر سنگھ میں انور اور اس کی فیملی سے 2لاکھ، اقبال ٹائون میں عاطف کی فیملی سے ایک لاکھ، ملت پارک میں زبیر کی فیملی سے ایک لاکھ اور لیاقت آباد میں فیصل اور اس کی فیملی سے ایک لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور موبائل فونز لوٹ لئے۔ وحدت کالونی میں ڈاکوئوں نے اصغر سے 50ہزار وپے اور موبائل فون، گجر پورہ کے علاقہ میں ریاض سے 50ہزار روپے اور موبائل فون، فیکٹری ایریا میں راشد سے 40ہزار روپے اور موبائل فون چھین لیا۔ شاہدرہ میں چوروں نے وسیم کے گھر سے 18لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان تالے توڑ کر چوری کر لیا۔ گوجرانوالہ میںڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے23 سالہ نوجوان ہلاک ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق کھیالی کا رہائشی 23 سالہ نوید کام کے سلسلہ میں واپڈا ٹائون جا رہا تھا کہ نافع ٹاور روڈ پر دو موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے اسے روک لیا اور مزاحمت پر فائرنگ کر دی اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس نے موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا۔