• news

امریکی‘ بھارتی‘ اسرائیلی خفیہ اہلکار طالبان سے مذاکرات ناکام بنانے اور دہشت گردی میں مصروف ہیں: چیئرمین سینٹ قائمہ کمیٹی

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی نے ہزاروں امریکی خفیہ اہلکار پاکستان میں داخل کرائے‘ امریکہ سمیت دیگر ممالک کی خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں جاری بد امنی، دہشت گردی اور افراتفری میں ملوث ہیں‘  غیر ملکی عناصر طالبان سے جاری مذاکرات کو سبوتاژ کرنے اور پاکستان کو ہر لحاظ سے کمزور کرنے کی سازش میں مصروف ہیں۔ حکومت، ملکی خفیہ ایجنسیاں و قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہو کر بیرونی خفیہ طاقتوں کو بے نقاب کریں۔ سرکاری ملازمتوں پر پابندی کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے، اہم سرکاری اداروں کی نجکاری سے گریز کیا جائے۔ وہ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اب بھی بیرونی طاقتیں طالبان سے جاری مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ملک میں اس وقت امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے، را،موساد سمیت دیگر ممالک کے اہلکار موجود ہیں جو ملک میں دہشت گردی کی وارداتوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں امریکی خفیہ ایجنسیوں کے اہلکار پاکستان لائے گئے جو ملک میں جاری بد امنی، دہشت گردی اور طالبان سے جاری مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، ملکی خفیہ ایجنسیاں، فوج و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید متحرک ہو کر بیرونی اور ملک دشمن عناصر کے بے نقاب کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کریں تا کہ ملک میں امن کا قیام یقینی بنایا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن