دریا خان: بھائی کے پسند کی شادی کرنے پر پنچائیت نے 7 سالہ بہن ونی کر دی
دریا خان (نامہ نگار) تحصیل دریا خان میں بھائی کے پسند کی شادی کرنے پر پنچائیت نے 7 سالہ بہن کو ونی کر دیا۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر 2 افراد کو گرفتار کر لیا،دیگر کی تلاش کیلئے چھاپے۔ تفصیلات کے مطابق محلہ مہر آباد کے رہائشی محمد عمران نے کچھ عرصہ قبل رضیہ بی بی سے شادی کر لی تھی جس پر گزشتہ روز محمد عمران کے گھر پنچائیت نے فیصلہ کیا کہ صلہ کے بدلے محمد عمران اپنی بہن 7 سالہ سویرا بی بی کا نکاح محمد رمضان سے بطور ونی نکاح کرے جس پر شرعی نکاح مولوی محمد رمضان امام مسجد بڑھ نے پڑھایا۔ پولیس نے تھانہ سٹی دریا خان نے 17 افراد کے خلاف زیر دفعہ 310-A ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔جن میں جمعہ خان، نذیر حسین، بشیر حسین، محمد عمران، مہربان، عبدالغفار، محمد رمضان، بشیر، وزیر، نذر حسین، ربنواز، محمد خان، عبدالرحمان، سلیمان، عبدالغفار ولد وزیر احمد، ارشد اور نکا ح خوان مولوی محمد رمضان شامل ہیں۔ ڈی پی او سرفراز فلکی کا کہنا ہے ونی کیس میں مقدمہ درج کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔