سارے سیاستدان چور، حکمران مشرف کو باہر بھیجیں گے‘ عدلیہ کا مذاق اڑے گا: جاوید ہاشمی
ملتان (وقت نیوز) تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ سب کچھ ٹوٹ جائیگا لیکن کشکول نہیں ٹوٹے گا۔ حکمران پرویز مشرف کو کشکول میں بٹھا کر باہر بھیجیں گے اور پھر کہیں گے اسی کشکول کو بھر دو۔ پرویز مشرف کا کچھ نہیں بگڑے گا البتہ عدلیہ کا مذاق اڑے گا۔ وقت نیوز کے پروگرام اسائنمنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ سب سیاستدان چور ہیں اور یہ اسمبلی کلرکوں کی اسمبلی ہے اور یہاں قانون سازی نہیں ہو رہی اور نہ یہ عوام کے مسائل حل کئے جا رہے ہیں۔ قوم سمجھ چکی ہے کہ حکمرانوں کے پاس انکے دردوں کا علاج نہیں ہے اور نہ ہی ان کے پاس مسیحائی ہے۔ جنوبی پنجاب کے مسائل کے ذمہ دار فیوڈل ہیں۔ گیلانی‘ قریشی‘ لغاری‘ مزاری‘ دولتانے‘ ٹوانے‘ ہراج اور دوسرے فیوڈلز کو بڑے بڑے عہدوں کی ضرورت تھی۔ انہوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا جب تک یہاں سے فیوڈل ازم ختم نہیں ہوتا اس وقت تک غربت ختم نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا ذوالفقار علی بھٹو کا طرز عمل فاشسٹ تھا۔ انہوں نے فاشسزم کو متعارف کرایا اور اسی کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتے تھے۔ ذوالفقار علی بھٹو عوام کو روٹی‘ کپڑا اور مکان دینے میں مخلص نہیں تھے لیکن ذوالفقار علی بھٹو نے ڈکٹیٹر سے معافی نہیں مانگی اور سرخرو ہو گئے لیکن میاں نوازشریف پرویز مشرف سے معافی مانگ کر جدہ چلے گئے۔ ایک سوال پر جاوید ہاشمی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے 5 سال حکومت کی اور سب سے زیادہ لوٹ مار کی۔ انہوں نے کہا کہ ضیاء الحق کی کابینہ میں شمولیت میری بہت بڑی سیاسی غلطی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں سے جس سے جمہوریت کھو جائے۔ ہم تو ایسا حتمی قدم اٹھائیں گے جس سے قوم کی مسیحائی ہو گی۔ ہم راہزن نہیں بنیں گے بلکہ رہنمائی کریں گے۔