جعلی ڈگری کیس: عدالتی روبکار پہنچنے پر آج رشید اکبر، سعید اکبر نوانی میانوالی جیل سے ضمانت پر رہا ہونگے
میانوالی (نمائندگان) جعلی ڈگری کیس میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے دو سابق ممبران رشید اکبر خان نوانی اور سعید اکبر نوانی کی ہائیکورٹ لاہور سے ضمانت 10فروری ہونے کے باوجود عدالت کی طرف سے ضمانت پر رہائی کیلئے روبکار سنٹرل جیل میانوالی نہ پہنچنے پر 12فروری کو بھی ان کی رہائی عمل میں نہ آ سکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عدالتی طریقہ کار کے مطابق جاری کردہ روبکار آج 13فروری 2014ء کو سینٹرل جیل میانوالی پہنچے گی اور آج ہی رشید اکبر خان نوانی اور سعید اکبر خان نوانی کی رہائی عمل میں آئے گی۔ سینٹرل جیل میانوالی کے باہر بھکر سے سینکڑوں ان کے حمایتی ان کے استقبال کیلئے میانوالی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔