پوٹھوہار میں سی این جی سٹیشنز کھولنے کیخلاف وفاق کی انٹرا کورٹ اپیل سماعت کیلئے منظور
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ میں پوٹھوہار ریجن میں سی این جی سٹیشنز کھولنے کے خلاف وفاق کی انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کے لئے باقاعدہ منظور کرلی گئی، سی این جی سٹیشن مالکان کا نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا گیا۔ جسٹس ریاض احمد خان اور جسٹس نور الحق قریشی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے اپیل کی سماعت کی۔ وفاق کے وکیل خواجہ فاروق نے انٹرا کورٹ اپیل میں مئوقف اختیار کیا کہ گیس کی تقسیم کا اختیار اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ہے، جسٹس ریاض احمد خان نے استفسار کیا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کو گیس کی تقسیم کا اختیار کس نے دیا؟ جس پر وفاق کے وکیل نے بتایا کہ کابینہ کی جانب سے اقتصادی رابطہ کمیٹی بنائی گئی، گیس لوڈ مینجمنٹ پالیسی 2005ء کے تحت گیس لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے، ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے 2013ء کے نوٹیفکیشن پر فیصلہ سنا دیا، قلت کے باعث سی این جی سٹیشنز کو گیس کی فراہمی ممکن نہیں، عدالت نے انٹرا کورٹ اپیل سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے سی این جی سٹیشن مالکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ گھروں میں گیس نہ ملنے کے باعث شہری احتجاج کر رہے ہیں جس پر جسٹس ریاض احمد خان نے کہا کہ ہم نے تو نہیں دیکھا کہ لوگ احتجاج کر رہے ہیں۔ فاضل جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سنگل بینچ کا فیصلہ فریقین کو سنے بغیر معطل نہیں کرسکتے، فریقین کو سن لیتے ہیں، اگر آپ عدالت کو مطمئن کرسکے تو فیصلہ معطل کر دیں گے نہیں تو آپ کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنا پڑیگا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔ درخواست میں 52 سی این جی سٹیشنوں کو فریق بنایا گیا ہے۔