• news

روس نے 25 سال بعد افغانستان میں اپنی فتح کا دعویٰ کردیا

 ماسکو (آئی این پی )روس نے 25 سال بعد افغانستان میں اپنی فتح کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوویت فوج نے افغانستان میں تمام فوجی مقاصد حاصل کر لئے تھے۔ جمعرات کو افغانستان سے سوویت افواج کے انخلاء   کے پچیس سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روس کے نائب وزیر اعظم دمیتری روگوزین نے دعویٰ کیا کہ سوویت فوج نے افغانستان میں تمام فوجی مقاصد حاصل کئے تھے جس کا ایک ثبوت یہ ہے کہ نجیب اللہ کی حکومت مکمل تنہائی کے باوجود تین سالوں تک سنگین ترین خطرے کا مقابلہ کرتی رہی تھی۔ روگوزین  نے کہاکہ  افغانستان میں سوویت یونین کی مہم کا 2001 سے جاری بین الاقوامی فوجی کارروائی سے موازنہ کیا جائے تو سوویت تجربہ مثبت لگنے لگتا ہے۔ یاد رہے کہ اس سال افغانستان میں نیٹو کی فوجی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے، نیٹو اپنا ایک بھی مقصد حاصل نہیں کر سکی جن میں دہشت گردی اور منشیات کی سمگلنگ کا مقابلہ شامل تھا۔

ای پیپر-دی نیشن