• news

جنگ بندی کا اعلان کیا جائے: عمران، آرمی چیف شہریوں کے تحفظ کیلئے فیصلہ کریں: الطاف

اسلام آباد + لندن (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کراچی میں پولیس پر سفاکانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھاری جانی نقصان پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں امن کے قیام کیلئے اس نوعیت کے حملے انتہائی تباہ کن ہیں اور ان پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک میں فوری اور پائیدار امن کا قیام وقت کا تقاضا ہے چنانچہ قتل عام کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ بات چیت کے ذریعے امن کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا عمل کامیاب بنانے کیلئے فوری طور پر جنگ بندی کا اعلان کیا جائے اور تحفظات کے حل کیلئے گفتگو کا طریقہ اختیار کیا جائے۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ حکومت اور آرمی چیف  دہشت گردی کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لئے فیصلہ کریں ورنہ قوم کو آگاہ کریں کہ فوج سرحدوں کی حفاظت اور عوام کا دفاع کرنے سے کیوں قاصر ہے جب ادارے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو جائیں  تو ہم اپنی فریاد لے کر کہاں جائیں  ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی لندن اور کراچی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا مذاکرات کے آغاز سے آج تک دہشت گردوں کے حملے اور شہریوں کی ہلاکتیں  جاری ہیں مساجد، امام بارگاہوں پر حملے، فوجی افسران، جوانوں کی ہلاکتیں سفاکیت  کی انتہا ہے۔ چودھری اسلم کے قتل پر طالبان نے جس طرح ذمہ داری قبول کی وہ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ طالبان دہشت گردوں کا نام لیتے سندھ حکومت کے ترجمان اور پولیس افسران کی ٹانگیں  کانپتی ہیں پولیس بس پر حملے کی ذمہ داری طالبان دہشت گردوں نے قبول کی دہشت گردوں  سے نمنٹے کے لئے پولیس کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کی جائے۔ 

ای پیپر-دی نیشن