طالبان سے مذاکرات ڈھونگ ہیں، عمران نے قومی راز افشا کرکے غلط کیا:خورشید شاہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات ڈھونگ ہیں۔ مذاکرات کا وقت گزر گیا اب حکومت کو حتمی فیصلہ کرنا چاہئے۔ طالبان نے کراچی دھماکے کی ذمہ داری قبول کرکے مذاکرات سبوتاژ کئے۔ حتمی فیصلہ نہ کیا تو آئندہ جانی نقصان کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔ امن کے لئے مینڈیٹ دیا تھا حکومت کو مینڈیٹ دینے پر ہمیں تنقید برداشت کرنا پڑی۔ عمران خان کو اجلاس کی بات باہر نہیں کرنی چاہئے تھی۔ عمران کے بیان سے سکیورٹی فورسز کا مورال کم ہوا۔ اے پی پی کے مطابق خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال نے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب کئے ہیں، دہشت گردی کے عفریت پر قابو پائے بغیر قومی معیشت مستحکم نہیں ہوگی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے اور ملک کو چلانے کیلئے جمہوریت ایک بہترین نظام ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان نے فورسز کی صلاحیت کے حوالے سے بیان دے کر اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔ ممبران پارلیمنٹ اپنے حلف میں یہ اقرار کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی حالت میں ملکی راز افشا نہیں کریں گے۔ سیاسی انٹرویوز میں جذبات میں نہیں آنا چاہئے۔