45 کارکن لاپتہ ہیں، 2 کو سادہ لباس اہلکاروں نے گرفتار کیا: رابطہ کمیٹی متحدہ
کراچی (آن لائن + نیٹ نیوز) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہا ہے ایم کیو ایم کے کارکنوں کو یقین دہانی کے باوجود اغوا کیا جا رہا ہے، کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کے نام پر کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے پی آئی بی سے کارکن نعیم اور قصبہ علی گڑھ سیکٹر کے ہمدرد محمد عارف کو سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے گرفتار کر لیا۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے خدشہ ہے دیگر کارکنوں کی طرح انہیں بھی ماورائے عدالت قتل نہ کر دیا جائے۔ آن لائن کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے صدر، وزیراعظم، آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، وفاقی وزیرداخلہ اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے پولیس اور مختلف سرکاری ایجنسیوںکے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنوں کو فی الفوربازیاب کرایا جائے۔ اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا گزشتہ چند ماہ کے دوران ایم کیو ایم کے سینکڑوں معصوم وبے گناہ کارکنوں اور عہدیداروں کوگرفتارکیا جا چکا ہے جنہیں مختلف جیلوں میں رکھاگیا ہے تاہم گزشتہ چھ ماہ کے دوران گرفتارکئے گئے ایم کیوایم کے سینکڑوں عہدیداروں اورکارکنوں میں سے 45 عہدیدار اورکارکنان تاحال لاپتہ ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکسی فرد پرکوئی الزام ہے تو اسے عدالتوں میں پیش کیا جانا چاہئے۔ رابطہ کمیٹی نے چیف جسٹس سپریم کوٹ سے اپیل کی کہ ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنوں کی بازیابی کیلئے فوری طور پر سوموٹو ایکشن لیا جائے اور ان کے اہل خانہ کوانصاف فراہم کیا جائے۔