• news

دریا خان: سمیرا وانی کیس، بچی کا والد نکاح خواں اور دیگر گرفتار افراد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل، نئے انکشافات


دریاخان(نامہ نگار)ونی کیس کے حوالے سے نئے انکشافات، گرفتار شدگان میں پہلے شوہر کو چھوڑ کر دوسری شادی رچانے والی خاتون کا والد اور ونی ہونے والی بچی کا والد بھی شامل ہیں، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز منظر عام پر آنے والے ونی کیس کے کئی خفیہ پہلو بھی منظر عام پر آگئے ہیں، بتایا گیا ہے کہ شادی شدہ خاتون رضیہ بی بی کے عمران نامی نوجوان کے ساتھ فرار کے بعدخاتون کے سابقہ شوہر عبدالغفار نے باہمی گفت وشنید کے ذریعے اپنی منکوحہ کی واپسی کی کوششوں میں ناکامی کے بعد سیشن کورٹ بھکر میں زیر دفعہ 22/Aدرخواست دے رکھی ہے جس کی آئندہ سماعت 15فروری مقرر ہے ،جبکہ عمران کے والد جمعہ خان کے حوالے سے بھی یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ اس نے اپنے بیٹے کے اس واردات میں ملوث ہونے کے بعد مبینہ طور پر رضیہ بی بی کے خاندان کی طرف سے ڈالے گئے دباؤ سے بچنے کیلئے تھانہ سٹی میں درخواست دی تھی مگر اس پر کارروائی نہ کی گئی، لیکن بعد ازاں معاملہ بگڑنے اور اطلاعات میڈیا تک پہنچنے کی وجہ سے پولیس ایکشن میں آئی اور مقدمہ درج کرکے ملوث افراد کی گرفتاری کا آپریشن شروع کردیا گیا،گرفتار شدگان میں رضیہ بی بی کے والد مہربان سمیت اس کے دیگر قریبی رشتہ دار محمد خان اور کمال خان ،جبکہ ونی ہونے والی معصوم بچی  سمیرا بی بی کے والد جمعہ خان کو اس کے بھائیوں نذیر اور بشیر سمیت حراست میں لیا گیا،گرفتار ہونے والوں میں نکاح خوان حافظ محمد رمضان بھی شامل ہے، جملہ گرفتار شدگان کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا  جہاں سے انہیں جوڈیشیل ریمانڈ پر سینٹرل جیل میانوالی منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ دیگرملوث ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں ،لیکن اکثر ملزمان روپوش ہوگئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن