ڈیرہ بگٹی: ایف سی سے جھڑپ‘ 6 شدت پسند جاں بحق‘ چمن میں خاتون سمیت 2 افراد قتل
کوئٹہ + چمن (اے این این+ نوائے وقت رپورٹ) فرنٹیئر کور بلو چستان کے ڈیرہ بگٹی کے علاقے چھبدر اور ڈیورڈ میں شرپسندوں کیخلاف سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ میں 6 شدت پسند جاں بحق ہو گئے‘ شدت پسندوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں مخصوص نوعیت کا بارود اور ایمونیشن برآمدکرلیا۔ فرنٹیئر کور نے خفیہ معلومات پر ڈیرہ بگٹی کے شمال مشرقی علاقہ چھبدر اور ڈیورڈ میں گیس پائپ لائنوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے شرپسندوں کے گروہ کے خلاف سرچ آپریشن کیا۔ واضح رہے کہ مارے جانے والے والے دہشت گردی کی کئی واقعات میں ملوث تھے جس میں گیس پائپ لائن ‘ریلوے ٹریک کو اڑانے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے معصوم شہری اور سکیورٹی فورسز پر حملے کرنا شامل ہے۔آئی جی ایف سی میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے فرنٹیئر کور کے اہلکاروں کی کامیاب اور بروقت کارروائی پر اطیمنان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید مستعد اور چوکنا رہنے کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثناء چمن کے علاقے ہرنائی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ دریں اثناء ڈھاڈر میں گیس پائپ لائن کو دھماکہ سے تباہ کر دیا گیا جس سے متعدد علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی۔