چھانگا مانگا میں ٹمبر مافیا سرگرم، لکڑی چوری کیلئے آگ لگا دی
لاہور (ایمنوئیل سرفراز/ دی نیشن رپورٹ) پابندی کے باوجود چھانگا مانگا جنگل میں لکڑی چوری پر قابو نہ پایا جا سکا۔ لکڑی چوروں اور مافیا کی جانب سے درختوں کو کاٹنے کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز اسی وجہ سے جنگل میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث چاروں طرف دھواں پھیل گیا۔ آگ کے اٹھتے ہوئے شعلوں سے پرندے اور جانور بلبلا اٹھے۔ ہر طرف جانوروں کا شور تھا۔ آگ بجھانے والے عملے میں شامل ڈرائیور چلا چلا کر کہہ رہا تھا کہ ہم آگ میں پھنس جائیں گے اور کوئی بھی زندہ نہیں بچے گا۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ ان دنوں میں موسم خشک ہونے کی وجہ سے آگ لگنے اور بہت کم وقت میں دور تک پھیل جانے کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا آگ کی وجہ سے پرندوں اور دیگر جانوروں کے ہلاک ہونے کے خدشات زیادہ ہوتے ہیں کیونکہ ان دنوں وہ انڈے اور بچے دیتے ہیں۔ فوریسٹ ڈیپارٹمنٹ کے بڑی تعداد میں ملازمین چھانگا مانگا میں تعینات ہیں مگر وہ ان معاملات پر توجہ نہیں دیتے۔ ساڑھے بارہ ہزار ایکڑ پر مشتمل جنگل میں لکڑی کاٹنے پر لاہور ہائی کورٹ نے پابندی عائد کر رکھی ہے مگر حکومت اور متعلقہ اداروں کے حکام ٹمبر مافیا اور لکڑی چوروں کیخلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹمبر مافیا اور لکڑی چوروں کی پشت پناہی مقامی سیاسی رہنما کرتے ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرائے۔